ArticlesAtaurrahman Noori ArticlesISLAMIC KNOWLEDGE

موجودہ دور میں اسلام کا نظامِ زکوٰة کیوں کارگر ثابت نہیں ہو پارہا ہے؟

موجودہ دور میں اسلام کا نظامِ زکوٰة کیوں کارگر ثابت نہیں ہو پا رہا ہے؟

از:عطاءالرحمن نوری (ریسرچ اسکالر)، مالیگاﺅں

    آقا علیہ السلام نے اسلام کی اشاعت ایسے نازک وقت میں شروع کی جب چہار جانب کفر وشرک کا بسیراتھا۔ خاک دان گیتی پر کوئی رب کا نام لیوانہیں تھا۔ فاران کی چوٹی سے جب پیغمبر اسلامﷺ نے دین ِحق کی طرف لوگوں کو بلایا تو عالم یہ ہوگیاکہ کل تک جو لوگ حضور ﷺ کو ”صادق الامین“کہتے تھے اب وہی لوگ فقرے کَستے۔ کل تک جو لوگ اپنی ہتھیلیوں پر اپنے سرکا نذرانہ لیے حاضر رہتے اب وہی لوگ جان لینے کے درپے ہوگئے، کل تک جو لوگ آقا ﷺکی شیریں گفتگو سننے کے متمنی رہتے اب وہی لوگ دور بھاگ رہے تھے ، جن کی راہوں میں پھولوں کی سیج سجائی جانی چاہیے تھی اس رسول مکرمﷺ کے راستے میں کانٹے بچھا دیئے جاتے،کوئی پھبتی کَستا،کوئی نازیباکلمات کہتا، کوئی کچرا پھینک دیتا، کوئی سجدے میں اونٹ کی اوجھڑی گردن پر رکھ دیتااور کوئی جسم رسولﷺ پر پتھر برساتا۔غرضیکہ اسلام کے ابتدائی ایام میں مسلمانوں کا یہ عالم تھا کہ ان پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے جاتے،کبھی تپتی ہوئی ریت پرگھسیٹاجاتا،کبھی چٹائی میں لپیٹ کر مرچی کی دھونی دی جاتی ۔ ہماری تاریخ بتاتی ہے کہ ہم اپنے مسلمان ہونے تک کا اعلان نہیں کر سکتے تھے،بھوک سے بلبلاتے،پیٹ پر پتھر باندھتے، کبھی در ختوں کے پتوں اور کبھی درختوں کی چھالوں پر اکتفا کرتے،تین سالوں تک شعب ابی طالب میں سوشل بائیکاٹ کادرد برداشت کیا،جہاد بھی کیا توتلواروں سے نہیں بلکہ کھجوروں کی شاخوں اورخشک چھالوں سے۔مگر پھر رحمت الٰہی چھم چھم کرتی اپنے بندوں پر برسنے لگی،صبر کے دن کا خاتمہ ہوا،امتحان ِ خداوندی میں صابر و شاکر رہ کر کامیاب وکامران ہوئے، رفتہ رفتہ راہِ حق کے مسافر کشاں کشاں چلے آئے،جوق در جوق،قبیلہ در قبیلہ۔اور اسلام کی باد بہاری سے اکناف عالم فیضیا ب ہوا۔جس مکہ سے ہجرت کی تھی اب اسی مکہ میں فاتحانہ شان وشوکت سے داخل ہوئے۔قیصروکسریٰ میں اسلام کا پرچم بلند ہوا۔ خوشحالی کاعالم یہ تھاکہ دور ِفاروقی میں خلیفة المسلمین نے تمام گورنروں کے نام اعلان نامہ جاری کیا کہ امسال کی زکوٰةبیت المال بھیجنے کی بجائے اپنے علاقے کے مستحقین پر خرچ کرو۔باوجود اس کہ گورنرِ یمن مع سازوسامان کے مدینہ منورہ میں حاضر ہوئے،دربارِ فاروقی کا بُلاوا آیا ، کیا آپ تک اعلان نامہ نہیںپہنچا ؟،جی ہاں بروقت پہنچا،پھر حکم عدولی کا سبب؟عرض کیا: یمن سے نکلا اسلامی مرکز تک پہنچ گیا مگراسلامی مملکت میں ایک بھی مسلمان زکوٰة کا مستحق نظر نہیں آیا۔ہر کوئی مالک نصاب اور صاحبِ ثروت ہے۔(الحمدللہ)

    سوچنے کا مقام یہ ہے کہ جن لوگوں کے پاس پیٹ بھرنے کے لیے اناج نہیں تھا وہ لوگ اتنے کم عرصے میں خود کفیل کیسے ہوگئے؟حضورﷺ نے جب ہجرت کی تھی وہ زمانہ مفلسی اور کسمپرسی کاتھا، مدینہ منورہ میں ظاہری طور پر حضورﷺ دس سال بقید ِحیات رہے،دوسال دو ماہ تک سیدناصدیق اکبررضی اللہ عنہ نے اُمورخلافت انجام دیئے۔یعنی کے صرف تیرہ چودہ سالوں بعد ایسا خوشحال زمانہ آگیاکہ یمن سے مدینہ تک کاہرمسلمان مالکِ نصاب ہوگیا جبکہ یمن سے مدینہ کی مسافت 843کلومیٹرہے اور ہم چودہ صدیوں بعد بھی غریب،مفلس اور قلاش ہیں، کیوں ؟سبب یہ ہے کہ انہوں نے خدائی قانون پر سختی کے ساتھ عمل کیاتھا۔انہوں نے ہر درد سہامگر نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیے کمر بستہ رہے۔مگر آج ہم اپنے ہی کچھار میں مجبورومحصور،سب کچھ رکھ کر قلاش،بے کس،بے بس،بے سہارے،بے چارے، قسمت کے مارے۔آخر کیوں؟؟انھوں نے اپنے آپ کو سنبھالا، منصوبہ بندطریقے سے زندگی کی راہوں میں قدم بڑھایا،بے پناہ کاوشیں کیں اور ہم اس کے بالکل برعکس۔آخر وجہ کیا ہے کہ آج ہم اکثریت میں ہونے کے باوجود ہمارے یہاں فقیروں کی کثرت اورسطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد زیادہ ہے؟ اس کی متعدد وجوہات میں سے چند ایک وجہ یہ بھی ہے (1) مالک نصاب صحیح طور پر اپنے مال کی زکوٰة نہیں نکالتے (2) زکوٰةنکالتے بھی ہےں تو مستحقین تک ان کا حق نہیں پہنچا یاجاتا (3) زکوٰة کی رقم چلّرکرکے اداکی جاتی ہے (4) جو لوگ زکوٰة لے رہے ہیں وہ درحقیقت زکوٰة کے مستحق ہیں ہی نہیں(5) اور اگروہ مستحق ہےں بھی تو اس کا استعمال صحیح مصرف میں نہیں کر رہے ہیں ۔

     اسلام نے زکوٰة کا نظام اس لیے نافذ کیاکہ مستحقین تک مالداروں کے ذریعے ان کا حق پہنچے اور وہ اس رقم کے ذریعے کاروبار کریں،خود کفیل بنیں اور چند سالوں میں وہ بھی زکوٰة دینے والے بن جائیں۔یعنی اگر امسال ہزار لوگوں نے زکوٰة نکالی اور اس مال پر ہزارلوگوں نے محنت کی تو آئندہ سال دوہزار لوگ زکوٰة نکالےںگے،تیسرے سال چار ہزارلوگ اور اس طرح ہر سال زکوٰة نکالنے والوں کی تعداد دُگنی ہوجائے گی اور ایک دن مسلم معاشرے سے غریبی کاخاتمہ ہوجائے گا۔ ان شآاللہ۔ یہی اسلام کا فلسفہ زکوٰة ہے اور اسی میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے ۔ مگر افسوس!ہمارے یہاں جو لوگ زکوٰة نکالتے بھی ہے تواس قانون سے صَرفِ نظرکرتے ہوئے زکوٰة کی رقم کوچلّر بناکرتقسم کرتے ہیں ،اس وجہ سے کوئی بھی مستحق بڑی رقم حاصل نہیں کرپاتا اور وہ اس قابل نہیں ہوپاتاکہ سال بھر محنت کرکے آئندہ سال خود زکوٰة نکال سکے۔نتیجتاً پھر وہی ہاتھ معاشرے میں زکوٰة لینے کے لیے گردش کرنے لگتے ہیں۔ساتھ ہی بہت سے ایسے زکوٰة لینے والے بھی ہیں جو زکوٰة،صدقات اور خیرات کی رقم کوصحیح مصرف میں لگانے کی بجائے سنیماگھروں،سیر وتفریح،شراب نوشی وغیرہ میں خرچ کردیتے ہیں۔اب تو ایسے بھی اسٹینڈرڈ فقیر نظرآتے ہیں جو مذکورہ رقم جمع کر عمدہ موٹر سائیکل،ریڈی میڈ کپڑے اور اینڈرائیڈ فون خرید کر فلسفہ زکوٰة کی دھجیاں بکھیردیتے ہیں۔جب تک دونوں طبقوں کی جانب سے اسلامی قانون پر عمل نہیں کیا جائے گا یمن والا پُرامن اور خوشحال زمانہ دوبارہ نہیں آسکتا۔دولت کی مثال پانی جیسی ہے اگر پانی بہتا رہے تو صحت بخش اور تھم جائے تو وبائی امراض کامنبع۔ اسی طرح دولت سب کے ہاتھوں میںآتی جاتی رہے تو زمانہ پُرامن رہے گا ورنہ چوری،ڈکیتی اور نت نئے جرائم معاشرے میں پروان چڑھےں گے۔ہونا تو یہ چاہیے کہ اپنے مال کا صحیح حساب کیا جاتا اور مکمل زکوٰة نکالی جاتی تاکہ مال کا میل بھی دور ہوجائے اور اس کی افزائش بھی ہو۔مگر لوگ طرح طرح کے حیلے بہانے تلاش کرتے ہیں،کوئی زمین خریدتاہے تو کوئی اپنی اَٹکل سے رقم بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ نتیجتاً کاروبار میں نقصان وخسارہ ہوتا ہے،آگ لگ جاتی ہے یا چوری ہوجاتی ہے۔معاشی بحران اور تنگی گھیر لیتی ہے۔اگر کچھ نہ بھی ہوتوقیامت کے دن کا دردناک عذاب تو ہونا ہی ہے۔مفتی صاحب اور مستحقین کو تو بے وقوف بنایاجاسکتا ہے مگر اس رب سے کیسے بچ سکوگے جو ہمارے اعمال کے ساتھ دل میں پیداہونے والے تصور وخیال سے بھی واقف ہے۔خداراخدارا!اسلام کے نظام پر عمل کرو تاکہ قوم مسلم کا ہر فرد خوشحال زندگی گزارے۔

٭٭٭


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Translate »
error: Content is protected !!