BOOKS/ BOOK REVIEWMalegaon SpecialNEWS/REPORTS/PROGRAMMES

Aziz Nabeel ki Kitab ka Malegaon me Ijra : Awaz ke Par Khulte Hain

عزیز نبیل کی شاعری ہم اساتذہ کی شاعری سے بھی قدرے بہترین شاعری ہے. الیاس صدیقی

عزیز نبیل کی شاعری ہم اساتذہ کی شاعری سے بھی قدرے بہترین شاعری ہے. الیاس صدیقی

عزیز نبیل کی شاعری استعاراتی ابہام سے پَرے ہے.آپکی شاعری ہرخاص وعام کے دلوں تک پہنچنے والی شاعری ہے.آپکے خوبصورت اشعار میں سمعی و بصری دلکشی و نغمگی کے ساتھ امکانات کی بھرپور موجودگی دکھائی دیتی ہے. اپنے اشعار کے ذریعے آپ پیکرتراشی کا زبردست ملکہ رکھتے ہیں. مجھے یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کہ عزیز نبیل کی شاعری ہم اساتذہ کی شاعری سے بھی قدرے بہترین شاعری ہے. عزیزنبیل صاحب کو کتابوں کی فروخت سے کہیں زیادہ باذوق قارئین کی تلاش ہے جو انہیں یقیناً علم وادب کے شہرمالیگاوں میں ہی دستیاب ہوسکتے ہیں- 13 جولائی 2019 سنیچر کی رات اسکس ہال میں” آواز کے پَر کھلتے ہیں ” کی رسم اجراء تقریب میں پروگرام کے صدر معروف محقق ادیب و شاعر ڈاکٹر الیاس وسیم صدیقی نے ان خوبصورت جملوں کا اظہار کیا. معروف ناقد و شاعر ڈاکٹر اشفاق انجم نے کہا کہ مجھے عزیز نبیل صاحب کی شاعری میں میرتقی میر کی جھلک محسوس ہوتی ہے اگر وہ اسی طرح “بھڑے” رہیں تو 
اُنکے یہاں میرتقی میر کا رنگ مزید دو آتشہ ہوتا جائیگا. “سخن زاد” کے نوجوان شاعر ڈاکٹر ارشد جمال صارم نے عزیز نبیل کے چند اشعار کے بامعنی تذکروں کے ساتھ نہایت خوبصورت نثر میں اپنا تجزیاتی مقالہ پیش کیا. صاحبِ کتاب عزیز نبیل کے رفیقِ خاص تقریب کے محرّک معروف سرجن ڈاکٹر سعید احمد فارانی نے نہایت خوبصورت لب ولہجے میں اپنی فطری شوخی وادبی برجستگی سے کئی اشعار کے ساتھ شاعر نبیل صاحب کی شاعری کی پذیرائی کی نیز دوسرے مشہور اشعار کو اپنے ظریفانہ مزاج سے ایک نیا رنگ و آہنگ کا پیراہن عطا کرکے محفل کو لالہ زار بنا دیا..اپنے قلبی تاثرات میں عزیز نبیل نے کہا کہ میری چاہت بھی قصہ حاتم طائی کے اُس سوال کی طرح رہی ہیکہ  “ایک بار دیکھا ہے بار بار دیکھنے کی ہوس ہے”  سات برس پہلے جب میں پہلی بار ایک تقریب کے توسط سے اس علمی شہر سے متعارف ہوا تو تب سے ہر بار یہی بڑھتی ہوئی شدید خواہش رہی کہ بار بار مالیگاوں شہر آکر یہاں کے اَدب نواز سامعین سے اور ہردلعزیز شخصیت ڈاکٹر سعید احمد فارانی اور انکے رفقائے کار سے ملا جائے.آپ نے اپنے سبھی دوستوں کا شکریہ ادا کیا کہ دوستوں کی پُرخلوص مصاحبت سے ہر سفر آسان ہوجاتا ہے.
رات ساڑھے دس بجے تقریب رسم اجراء کا باقاعدہ آغاز نورالدین نور سر کی قرات سے ہوا معروف صحافی امتیاز خلیل نے اپنے فطری تسلسل کے ساتھ موثر انداز میں عزیز نبیل سے اپنے دیرینہ تعلقات کا اظہار کیا نیز اُنکی شخصیت اور فن پر گفتگو کی غرض وغائت اور مہمانوں کے تعارف کے بعد ڈاکٹر سعید احمد فارانی کے دست مبارک سے مہمانِ مکرّم عزیز نبیل کا شعری مجموعہ ” آواز کے پَر کھلتے ہیں” کتاب کا اجراء ہوا. موزوں اشعار کا خوب صورت انتخاب کرتے ہوئے اَدب نواز شخصیت عثمان غنی اسکس صاحب نے اس سنجیدہ و باوقار تقریب میں نظامت کے فرائض انجام دیئے.مشہور افسانہ نگار افضال انصاری نے اظہار تشکر کا فریضہ انجام دیا بعد ازاں مشاعرہ سیشن معروف شاعر شبیر آصف صاحب کی صدارت میں شروع ہوا  ڈاکٹر الیاس وسیم صدیقی، شبیر آصف، صاحبِ کتاب شاعر عزیز نبیل، مشتاق احمد مشتاق، ڈاکٹر انیس بوستانی، ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر، رومان اختر، فرحان دل، ڈاکٹر شہروز خاور ،ڈاکٹر ارشد جمال صارم،ارشاد انجم اور صدیق اکبر صاحبان نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کا دل موہ لیا.رات دو بجے تک پوری آن بان شان کے ساتھ یہ پُر وقار مشاعرہ چلتا رہا موزوں اشعار کے ساتھ نہایت تہذیب و شائستگی سے موثر لب ولہجے میں ارشاد انجم نے مشاعرہ کی نظامت کی.امتیاز خلیل کے شکریے کے ساتھ سوا دو بجے  انتہائی کامیاب و عظیم الشان تقریب کا اختتام ہوا
بھیونڈی کی معروف شخصیت عبدالحسیب جامعی اور محمد شارق اپنے دیرینہ رفیق عزیز نبیل صاحب کے ساتھ ہی تقریب کا حصہ بنے رہے جلگاوں سے جاوید انصاری (آکاش وانی) اسی طرح اورنگ آباد سے ہم سب کے عزیز مزمل صاحب بھی بہ نفس نفیس شریکِ محفل رہے .اللہ کے فضل و کرم سے اور شکیل جمیل حسن ،رفیق مومن ،عمران جمیل ، افضال انصاری ،مشتاق احمد مشتاق، شہروز خاور ،رضوان ربانی صاحبان اینڈ گروپ اور اشفاق شیخ، فیروز دلاور صاحبان و احبابِ محفوظ کالونی وغیرہ کی اَن تھک محنتوں سے پروگرام کامیاب رہا.معروف صحافی و مزاح نگار ریحان خان(سہارا) ، فیروز دلاور ،نفیس احمد مالی ووڈ ان تینوں صاحبان نے تقریب کی ویڈیوگرافی کی. شعرا، اُدبا، مصنفین، مدرسین، ناقدینِ علم وادب و باذوق سامعین سینکڑوں کی تعداد میں آخر تک اس تاریخی تقریب میں موجود رہ کر پروگرام کو کامیاب بنایا.شعبہ نشر و اشاعت. وابستگانِ علم وادب مالیگاوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Translate »
error: Content is protected !!