ArticlesNEWS/REPORTS/PROGRAMMES
Electronic Media Association of Maharashtra الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن آف مہاراشٹر
یوٹیوب چینل ،ویب سائٹ، بلاگ ، اینڈرائیڈ اپلی کیشن اور آن لائن کام کرنے والے صحافی حضرات کے لیے الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن آف مہاراشٹر کا قیام
عطاءالرحمن نوری پریسیڈنٹ ، وائس پریسیڈنٹ ساجد نعیم انصاری اور کاشف سمن کابطور سکریٹری انتخاب ۔
موجودہ دور میں صحافت کے نرم گرم مزاج سے ہر کوئی واقف ہے۔الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا خریدوفروخت کا شکار ہوچکے ہے۔ اس وقت سوشل میڈیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس محفوظ اور بروقت اپنی آواز پہنچانے کا واحد ذریعہ باقی ہے جہاں بلا تفریق مذہب و ملت بیباک ، حساس ، دیانت دار ، محنت کش اور تحقیق و تفتیش کا جذبہ رکھنے والے صحافی برادران عوام و خواص کو سچا آئینہ دِکھانے میں نہ صرف کامیاب نظر آرہے ہیںبلکہ عوام و خواص کا اعتماد بھی ان پر قائم ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں سیکڑوں کی تعداد میں یوٹیوب چینلز، ویب سائٹس، بلاگ ، اینڈرائیڈ اپلی کیشن پر اور آن لائن خدمات انجام دینے والے ہزاروں جرات مند، قابل اور مثبت سوچ رکھنے والے قلمکار ، اینکرز، ایڈیٹرز اور نیوز رپورٹرس صحیح و درست خبریں پہنچا رہے ہیں۔ گہوارہ علم و فن شہر مالیگاوں میں بھی دو درجن سے زائد یوٹیوب چینلس ہیںجن کے ذمہ داران سالوں سے حتی المقدور اپنی اپنی منتخبہ فیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔
میڈیا کے لیے تنگ ہوتی زمین اور نت نئی پابندیوں کے سبب گذشتہ چند سالوں سے یوٹیوب چینلس کے لیے حکومت سے منظور شدہ ادارے کے قیام کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ اس سلسلے میں 2019ءکی شروعات ہی سے مالیگاوں کے باذوق صحافیوں کی ملاقات کا سلسلہ دراز رہا ۔کافی غورو خوض اورلیگل ایڈوائزرس کے مشوروںسے مالیگاوں کے یوٹیوب چینلس کے ذمہ داران ، ایڈیٹرز اور اینکرز نے مل کر جنوری 2020ءمیں”الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن آف مہاراشٹر (EMAM)“ کا قیام کیا۔ سبھی ممبران کی شمولیت اور تجاویزسے ”الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن آف مہاراشٹر“کے شرائط ، مقاصد اور اہداف کا تعین کیا گیا جسے عنقریب شائع کیا جائے گا۔
”الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن آف مہاراشٹر“کے پریسیڈنٹ اور ممبران کا انتخاب الیکشن کے ذریعے عمل میں آیا۔ پریسیڈنٹ کے لیے مالیگاوں کے معروف جرنلسٹ عطاءالرحمن نوری (نوری اکیڈمی)کا انتخاب کیا گیا۔اُردو سٹی انڈیا کے ساجد نعیم انصاری بطور وائس پریسیڈنٹ ، رسائٹ ٹوڈے سے کاشف سمن بطور سکریٹری ، وائرل نیوز سے عزیز نوفل بطور ٹریزر ، اتحاد ٹائمز سے ہشام خان ، سچ بات سے محسن حمید اور جنتا جواب سے جنید شیخ کا انتخاب بطور فاﺅنڈر ممبرکے کیا گیا۔ جب کہ سچ کا سامنا نیوز (شیخ آصف)، انڈین ایکوی لیٹی (سمیر محمود )،نیوز مالیگاوں (عامر ایوبی )،ہم بھارت (عمران راشد)، ثناءایکسپریس (شاہد انجم )، دھولے ایکسپریس (عبداللہ انصاری )، فرنود رومی (فرنود رومی)وغیرہ چینل کے ایڈمن و ایڈیٹر تنظیم کے ممبران ہیں۔
”الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن آف مہاراشٹر“ کے ذریعے ورکشاپ اورباضابطہ ٹریننگ کا نظم کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ ایسے ایڈمن و اراکین جنہوں نے صرف ذاتی ذوق و شوق کی بناءپر میدان صحافت کا انتخاب کیا ہے ان لوگوں کو جرنلزم کا کورس کروا کر سند یافتہ صحافی بنانے کی عملی کوشش کی جائے گی۔عنقریب ریاست مہاراشٹر میںEMAMکی ممبر سازی کا کام چند شرائط کی بنیاد پر شروع کیا جائے گا ۔ یوٹیوب چینل ، بلاگ ، اینڈرائیڈ اپلی کیشن اور آن لائن کام کرنے والے صحافی حضرات EMAMکی ممبر شپ کا فارم پُر کرکے ممبر بننے کی درخواست دے سکتے ہیں۔EMAMکے متعینہ اُصو ل و ضوابط کی خلاف ورزی پر ممبر شپ رد کی جائے گی ، اس ضمن میں مزید تفصیلات جلد ہی شائع کی جائے گی۔