محمد حسین آزاد کی تنقید نگاری
محمد حسین آزاد کا تعارف
اردو ادب میں ایک ایسی شخصیت بھی ہے جس نے دیوانگی اور جنون کی کیفیت میں بھی وہ کارنامے انجام دیے ہیں کہ عالم فرزانگی میں بہت سے لوگ اس کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس نے نہ صرف اردو نژ کو نیا انداز دیا بلکہ اردو نظم کو بھی ایک نئی شکل و صورت عطا کی۔ اسی شخص نے نئی تنقید کی شمع روشن کی۔ موضوعی مشاعرے کی بنیاد ڈالی، مجلسی تنقید کی روایت کا آغاز کیا۔ سب سے پہلے اردو زبان کی پیدائش کا نظریہ پیش کیا اور برج بھاشا کو اردو زبان کا منبع و ماخذ قرار دیا۔ جس نے اردو کے فروغ کے لیے بدیسی زبانوں خاص طور پر انگریزی سے استفادہ پر زور دیا۔ اس نے اردو شاعری کے مزاج کو بدلا اور مقصدیت، افادیت سے اس کا رشتہ جو ڑا۔ جس نے ادبی تاریخ نویسی کو ایک نئی جہت دی۔ اور ’’آب حیات‘‘ کے عنوان سے ایک ایسی تاریخ لکھی کہ اس کی ابدی زندگی کی ضمانت بن گئی۔ اس گراں مایہ شخصیت کا نام محمد حسین آزادؔ ہے۔
محمد حسین ؔ آزادؔ کی پیدایش 5، مئی 1830 عیسوی کو دہلی میں ہوئی ان کے والد مولوی محمد باقر شمالی ہند کے پہلے اردو اخبار ’’دہلی اردو اخبار‘‘ کے مدیر تھے۔ ان کا اپنا پریس تھا۔ اپنا ا’مام باڑہ‘ مسجد اور سرائے تھی۔ یہ اردو کے پہلے شہید صحافی تھے۔ انہیں مسٹر ٹیلر کے قتل کے الزام میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔ مولوی محمد حسین آزاد جب چار برس کے تھے سبھی ان کے ایرانی النسل والدہ کا انتقال ہو گیا تھا۔ ان کی پھوپی نے پرورش کی، وہ بھی بہت جلد انتقال کر گئیں۔ محمد حسین آزاد کے ذہن پر ان صدموں کا گہرا اثر پڑا۔
آزاد ؔ دلی کالج میں تعلیم حاصل کر رہے تھے کہ ملک کے حالات بگڑنے لگے اپنے والد مولوی محمد باقر کی گرفتاری کے بعد سے ہی محمد حسین آزاد کی حالت اور خراب ہونے لگی۔ وہ ادھر ادھر چھپتے چھپاتے رہے۔ تقریباً دو ڈھائی برس بڑی مشقتوں سے کاٹے۔ کچھ دنوں اپنے کنبہ کے ساتھ لکھنؤ میں بھی رہے۔ پھر کسی طرح لاہور وارد ہوئے جہاں جنرل پوسٹ آفس لاہور میں سرنوشت دار کے عہدے پر ان کی تقرری ہو گئی۔ تین سال کام کرنے کے بعد ڈائرکٹر پبلک انسٹرکشن کے دفتر میں انہیں ملازمت مل گئی۔ اس کے بعد جب’ انجمن پنجاب‘ کا قیام عمل میں آیا تو محمد حسین آزاد کی قسمت کے دروازے کھل گئے۔ ڈاکٹر لاءئنز کی کوششوں اور محبتوں کی وجہ سے آزادؔ انجمن پنجاب کے سکریٹری مقرر کر دیے گئے۔ یہاں ان کی صلاحیتوں کو ابھرنے کا بھرپور موقع ملا۔ انجمن پنجاب کے پلیٹ فارم سے انہوں نے بڑے اہم کارنامے انجام دیے۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں عربی پروفیسر کی حیثیت سے ان کی عارضی تقرری ہو گئی اور پھر اسی عہدے پر مستقل کر دے گئے۔
ایک اچھی ملازمت سے وابستگی نے آزادؔ کو ذہنی سکون عطا کیا۔ اور پھر ان کے سفر کا سلسلہ شروع ہوا۔ انہوں نے وسط ایشیا کا سفر کیا، وہاں انہیں بہت کچھ نیا سیکھنے اور سمجھنے کو ملا۔ سیاحت نے ان کے ذہنی افق کو بہت وسعت بخشی۔ انہوں نے اپنے سفر کے مشاہدات اور تجربات کو قلم بند بھی کیا۔ ’سیر ایران‘ ان کا ایساہی ایک سفرنامہ ہے جس میں خواجہ حافظ اور شیخ سعدی کے پیارے وطن کے بارے میں اپنی تلخ اور شیرین یادوں کہ جمع کر دیا ہے۔
محمد حسین آزادؔ نے اردو دنیا کو بہت گران قدر تصنیفات دی ہیں۔ ان میں سخن داں فارسی، قصص ہند، دربار اکبری، نگارستان فارس، سیر ایران، دیوان ذوقؔ اور نیرگ خیال کافی اہم ہیں۔ ان کے علاوہ نصابی کتابوں میں اردو کی پہلی کتاب، اردو کی دوسری کتاب، اردو کی تیسری کتاب، قواعد اردو اہمیت کی حامل ہیں۔ مگر محمد حسین آزادؔ کو سب سے زیادہ شہرت ’آب حیات‘ سے ملی کہ یہ واحد ایسی کتاب ہے جس میں اردو شاعری کی صرف تاریخ یا تذکرہ نہیں ہے بلکہ اہم لسانی مباحث بھی ہیں اس میں اردو زبان کے آغاز و ارتقا پر بحث ہے۔ اس کتاب نے اردو تنقید کو نقش اول بھی عطا کیا ہے۔ اس میں قدیم تذکروں کے مروجہ انداز سے انحراف کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ نثر کا اعلیٰ نمونہ بھی ہے۔
آزادؔ ایک اہم انشاپرداز، ناقد اور محقق بھی تھے انہوں نے زبان اردو کی تاریخ اور نشو ونما، اصلیت زبان پر تحقیقی مضامین بھی لکھے ۔
محمد حسین آزاد نظم کے اولین شاعروں میں بھی ہیں جنہوں نے صرف نظمیں لکھیں بلکہ نظم نگاری کو ایک نئی جہت بھی عطا کی اردو نثر اور نظم کو نیا مزاج عطا کرنے والے محمد حسین آزاد پر آخری وقت میں جنون اور دیوانگی کی کیفیت طاری ہو گئی تھی۔ جنون کی حالت میں ہی ان کی شریک حیات کا انتقال ہو گیا۔ اس کی وجہ سے آزادؔ کا اضمحلال اور بڑھتا گیا۔ آخر کار ۲۲؍ جنوری ۱۹۱۰ عیسوی میں آزاد ۹۶ سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کا مزار داتا گنج کے قریب ہے۔
محمد حسین آزادؔ نے اپنی زندگی کا سفر انگریزوں کی مخالفت سے شروع کیا تھا۔ وہ اپنے والد کے اخبار میں انگریزوں کے خلاف سخت مضامین لکھتے رہتے تھے۔ مخالفت کی پاداش میں جب انگریزوں نے ان کے والد کو موت کے کھاٹ اتار دیا وہیں زاویہ تقرری تبدیلی کی وجہ سے علم دوست انگریزوں نے محمد حسین آزادؔ کو حیات جاودانی عطا کر دی اور انہیں شمس العلماکا خطاب بھی عطا کیا۔
محمد حسین آزاد کی تنقید نگاری
اردو تنقید کے نظریہ سازوں میں ایک نام محمد حسین آزاد کا بھی ہے۔تنقید کے بنیادی مسائل کے بارے میں انہوں نے کم لکھا مگر سب سے پہلے لکھا اس لیے اولیت کا تاج انہی کے سر پر رکھا جانا چاہیے۔یہ بات حالی کے ‘مقدمہ شعروشاعری‘ سے بہت پہلے یعنی ١٨٦٧ء کی ہے کہ آزاد نے شاعری پر ایک لیکچر دیا اور کئی اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔
اس لکچر (نظم اور کلام موزوں کے باب میں خیالات) کے ساتھ “مقدمہ نظم آزاد، آب حیات اور سخندان فارس” کا مطالعہ کیجیے تو آزاد کے تنقیدی خیالات واضح ہوجاتے ہیں۔ان خیالات میں مشرق اور مغرب دونوں کی جھلک نظر آتی ہے۔مشرقی ادبیات کا مطالعہ انہوں نے براہ راست کیا تھا،مغربی نظریات سے بالواسطہ فیض اٹھایا تھا۔آزاد نے دہلی کالج میں تعلیم پائی تھی اور کالج کے اساتذہ کی صحبتوں سے فیض یاب ہوئے تھے۔اسی لیے ان کی تنقید میں بعض جگہ تضاد نظر آتا ہے۔کبھی مشرق کی طرف جھکتے ہیں اور کبھی مغرب سے متاثر نظر آتے ہیں۔
شاعری کے بارے میں انہوںنے جو رائیں دی ہیں ان میں یکسانیت نہیں ہے۔شعر گوئی ان کے نزدیک کوئی شعوری عمل نہیں،کسی غیبی پراسرار قوت کی کارفرمائی ہے۔فرماتے ہیں”شعر ایک پرتو روح القدس کا اور فیضان رحمت الہی کا ہے کے اہل دل کی طبعیت پر نزول کرتا ہے”شعر کو وہ خیالی باتوں کا مجموعہ اور گلزار فصاحت کا پھول بتاتے ہیں۔
ظاہر ہے یہ ادب کا مشرقی نظریہ ہے لیکن یہ بھی فرماتے ہیں کہ شعر میں لا یعنی باتیں نہیں ہوتیں،شعر علم کا عطر ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ شعر وہ قوت ہے کہ قوموں کی قسمت کو پلٹ دے۔گویا وہ شعر کی افادیت اور مقصدیت کے قائل ہیں۔یہ رائے کچھ تو مغربی نظریات سے آگاہی کا عطیہ ہے اور کچھ سرسید کے خیالات سے شناسائی کا فیضان ہے۔
اردو شاعری کی خوبیوں کا اعتراف کرتے ہوئے جب وہ اس کی خامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں تو یہاں بھی سر سید کے افکار کا عکس نظر آتا ہے۔ملاحظہ ہو:
“اردو شاعری چند بے موقع احاطوں میں گھر کر محبوس ہوگئی ہے۔وہ کیا؟مضامین عاشقانہ ہیں جس میں وصل کا کچھ لطف،بہت سے حسرت و ارمان اور اس سے زیادہ ہجر کا رونا۔شراب، ساقی، بہار، خزاں، فلک کی شکایت اور اقبال مندوں کی خوشامد ہے۔یہ مطالب بھی خیالی ہوتے ہیں اور بعض واقعے ایسے پیچیدہ اور دور دور کے استعاروں میں ہوتے ہیں کہ عقل کام نہیں کرتی۔وہ اسے خیال بندی اور نازک خیالی کہتے ہیں اور فخر کی مونچھوں پر تاؤ دیتے ہیں۔افسوس یہ ہے کہ ان محدود دائروں سے ذرا بھی نکلنا چاہیں تو قدم نہیں اٹھا سکتے”
اس عبارت سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بدلے ہوئے حالات میں وہ شعر و ادب میں زبردست تبدیلی کے خواہاں تھے اور رہنمائی کیلئے ان کی نظر بھی انگریزی ادب کی طرف اٹھتی تھی۔کہتے ہیں:
“تمہارے بزرگ اور تم ہمیشہ سے نئے انداز کے موجد رہے ہو مگر نئے انداز کے فخلعت و زیور جو آج کے مناسب حال ہیں وہ انگریزی صندوقوں میں بند ہیں اور ہمارے پہلو میں دھرے ہیں مگر ہمیں خبر نہیں۔ہاں ان صندوقوں کی کنجی ہمارے ہم وطن انگریزی دانوں کے پاس ہے”
مولانا آزاد ایک اور بات بہت پتے کی کہتے ہیں۔ان کی صلاح ہے کہ ہمارے شاعر ہندی بھاشا کی طرف متوجہ ہوں اور ہندی شاعری کی طرح بےجا مبالغہ آرائی سے دامن بچاتے ہوئے جذبات کی سچی تصویر کھیچنا سیکھیں۔اردو شاعر سے انہیں بجا شکایت ہے کہ نرگس، نسرین، نسترن، اور سروشمشاد جیسے ان دیکھے پھولوں اور پودوں کے نام تو اسے ازبر ہیں مگر بیلا، موتیا، چمپا، چنبیلی اور گلاب سے وہ بے خبر ہے جو عجب نہیں اس کے اپنے آنگن میں مہکتے ہوں۔سیحوں دجلاوفرات کا تو وہ ذکر کرتا ہے مگر گنگا،جمنا کے نام اسے یاد نہیں آتے۔
آزاد کا ایک اور کارنامہ قابل ذکر ہے۔ انہوں نے اردو شاعری کی اصلاح کے لیے صرف مشورے ہی نہیں دیے بلکہ لاہور میں ایک مجلسِ مشاعرہ کی بنیاد ڈال کر اس سلسلے میں عملی خدمات انجام دیں۔اس محفل مشاعرہ نے بہت جلد نیچرل شاعری کا ایک مختصر سا ذخیرہ بطور نمونہ پیش کردیا۔حالی نے بیچند مشاعروں میں شرکت کی اور بعض نظمیں لکھیں۔سرسید نے آزاد کی اس عملی کوشش کو بہت سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔
کلیم الدین احمد نے لکھا ہے:
“آزاد میں تنقید کا مادّہ بالکل نہیں تھا”
یہ رائے تو انتہا پسندانہ ہے مگر اتنا ضرور ہے کہ آزاد کی عملی تنقید نقائص سے خالی نہیں۔آزاد نکتہ داں اور سخن فہم تھے۔تنقید کی زبردست صلاحیت بھی رکھتے تھے مگر دو چیزوں نے ان کی تنقیدی صلاحیت کو زبردست نقصان پہنچایا۔یہ تھی تعصب و طرفداری اور انشاپردازی۔
آزاد کی جانبداری کا یہ حال ہے کہ ‘آب حیات‘ کے پہلے ایڈیشن میں مومن کو یکسر نظر انداز کر گئے۔مگر دوسرے ایڈیشن میں آخر کار انہیں شامل کرنا ہی پڑا۔ظاہر ہے اہل نظر نے اس صریخ ناانصافی پر آزاد کی گرفت کی ہوگی۔غالب کی آزاد کے استاد ذوق سے چشمک تھی۔
غالب کو نظر انداز کرنا تو آسان تھا نہیں ان کا ذکر کیا اور اس طرح کیا کے پہلی نظر میں تعریف معلوم ہوتی ہے مگر غور کیجیے تو پتہ چلتا ہے کہ ان کی شاعری کے عیب گنا رہے ہیں۔اسی کو ‘ہجو ملیح’کہتے ہیں۔وہ کر رنگ سیاہ تھا اور 9 دفعہ چیچک نکل چکی تھی۔چہرے پر داغ ہی داغ تھے مگر فرماتے ہیں کہ یہ داغ کچھ ایسی موزونی سے واقع ہوئے تھے کہ چمکتے تھے اور بہار دکھاتے تھے۔یہ تھا عقیدت کا خال مگر تنقید میں اس کی گنجائش نہیں۔یہاں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرنا ہوتا ہے۔آزاد اکثر موقعوں پر انصاف کرنے میں ناکام رہے۔
انشاپردازی میں آزاد کو وہ کمال حاصل ہے کہ آج تک کوئی ان کے رتبے کو نہیں پہنچ سکا۔نمونے کے طور پر یہاں ‘آب حیات’ سے چند سطریں پیش کی جاتی ہیں:
“اس مشاعرے میں ان صاحب کمالوں کی آمد آمد ہے جن کے پاانداز میں فصاحت آنکھیں بچھاتی ہے اور بلاغت قدموں میں لوٹی جاتی ہے…. تم دیکھنا وہ بلندی کے مضمون نہ لائیں گے،آسمان سے تارے اتاریں گے،قدر دانوں سے فقط داد نہ لیں گے،پرستش کرائیں گے۔”
مولانا کے اسی انداز بیان کو دیکھ کر علامہ شبلی نے فرمایا تھا”وہ گپ بھی ہانک دے تو وحی معلوم ہوتی ہے”آزاد سے تحقیقی غلطیاں بھی ہوئی ہیں۔انہوں نے بعض ایسے واقعات قلم بند کردیے ہیں جنہیں تحقیق نے جھٹلا دیا مگر ان کے جادو نگار قلم نے جو کچھ لکھ دیا وہ دلوں سے محو نہ ہوسکا مگر یہ بھی تنقید کی خامی ہے خوبی نہیں۔لیکن ان کوتاہیوں کے باوجود اردو تنقید میں مولانا محمد حسین ازاد کی اہمیت مسلم ہے۔
- اردو تنقید کا آغاز و ارتقا
- اردو تنقید اور اقسام
- اردو تنقید کا ارتقا
- ادبی تنقید کے اصول
- تنقید اور تخلیق کا رشتہ
- اردو میں متنی تنقید
- رس کا نظریہ
- مشرقی تنقید
- فارسی تنقید
- تاثراتی تنقید
- رومانی تنقید
- جمالیاتی تنقید
- مارکسی تنقید
- ترقی پسند تنقید
- نفسیاتی تنقید
- سائنٹیفک ادبی تنقید
- تنقید نگار
- مغربی تنقید نگار
- مغربی تنقید نگار 2
- افلاطون کی تنقید نگاری
- ارسطو کا تنقیدی نظریہ
- کارل مارکس اور فرائیڈ
- لونجائنس اور دانتے کا تنقیدی نظریہ
- اسلوبیاتی تنقید
- سر سید کے تنقیدی خیالات
- محمد حسین آزاد کی تنقید نگاری
- الطاف حسین حالی کی تنقید نگاری
- شبلی کے تنقیدی خیالات
- مولوی عبدالحق کی تنقید
- نیاز فتح پوری کی تنقید نگاری
- مجنوں گور کھپوری کی تنقید نگاری
- ابن رشیق کی تنقید نگاری
- آل احمد سرور کی تنقید نگاری
- احتشام حسین کی تنقید نگاری
- کلیم الدین احمد کی تنقید نگاری
- پروفیسر خورشید الاسلام کی تنقید نگاری
- محمد حسن عسکری کی تنقید نگاری
- پروفیسر محمد حسن کی تنقید نگاری
- پروفیسر گوپی چند نارنگ کی تنقید نگاری
- شمس الرحمن فاروقی کے تنقیدی نظریات
- وزیر آغا کے تنقیدی نظریات
- پروفیسر قمر رئیس کی تنقید نگاری
- سلیم احمد کے تنقیدی نظریات
- وحید الدین سلیم کی تنقید نگاری
- امداد امام اثر کے تنقیدی نظریات
- ڈاکٹر عبدالرحمن بجنوری کے تنقیدی نظریات
- عبدالقادرسروری کی تنقید نگاری
- سید سجاد ظہیر کی تنقید نگاری
- فراق گورکھپوری کی تنقید نگاری
- شکیل الرحمن کی تنقید نگاری
- سید شبیہ الحسن