یو جی سی نیٹ امتحان کیا ہے ؟
UGC NET EXAM KYA HAI?
یو جی سی نیٹ امتحان کیا ہے ؟
اسسٹنٹ پروفیسر اور جونیئر ریسرچ فیلوشپ کے لیے ضروری امتحان یو جی سی نیٹ کی مکمل تفصیلات
از قلم : عطاء الرحمن نوری (ریسرچ اسکالر)
یو جی سی نیٹ امتحان قومی سطح کے سب سے نمایاں امتحانات میں سے ایک ہے جو اسسٹنٹ پروفیسر یا جونیئر ریسرچ فیلوشپ (JRF) یا دونوں اور پی ایچ ڈی کے لیے درخواست دینے والے اُمیدواروں کی اہلیت کے تعین کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس امتحان کے متعلق اسٹوڈنٹس میں کافی غلط فہمیاں رائج ہیں اس مضمون کے ذریعے انھیں دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یو جی سی نیٹ کیا ہے؟
یو جی سی نیٹ امتحان اسسٹنٹ پروفیسر کی پوسٹ اور جونیئر ریسرچ فیلو شپ (JRF) کے اُمیدواروں کے لیے قومی سطح کا اہلیتی امتحان ہے۔ یو جی سی نیٹ امتحان نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے ذریعے سال میں دو بار دسمبر اور جون میں منعقد کیے جاتے ہیں۔ یہ امتحان تقریباً 84 سبجیکٹس میں لیا جاتا ہے۔ اس امتحان کو کامیاب کرنے کے بعد کامیاب اُمیدوار اپنے مضمون کے لحاظ سے ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اسسٹنٹ پروفیسر کی پوسٹ اور پی ایچ ڈی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس امتحان کو کامیاب کرنے کے بعد اُمیدوار یونین پبلک سروس کمیشن اور اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام نکلنے والی لیکچرار شپ کی اسامیوں کی درخواست کے لیے بھی اہل ہوتا ہے۔
یو جی سی نیٹ امتحان کی تاریخ:
یہ امتحان سال میں دو مرتبہ جون اور دسمبر میں لیا جاتا ہے۔ وبائی مرض کے سبب سے دسمبر 2020ء اور جون 2021ء اور دسمبر 2021ء اور جون 2022ء کا امتحان مشترکہ طور پر لیا گیا ہے۔ ان امتحانوں کو ضم کرنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا تھا تاکہ یو جی سی نیٹ امتحان کے سائیکل کو باقاعدہ بنایا جا سکے۔ دسمبر 2022ء کے امتحان کی تاریخ کو آفیشیل ویب سائٹ پر جلد ہی جاری کیا جائے گا۔ گمان غالب یہی ہے کہ دسمبر 2022ء اور جون 2023ء کا امتحان بھی مشترکہ طور پر لیا جائے گا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے جب بھی شیڈول جاری کیا جائے گا اس وقت نوری اکیڈمی یوٹیوب چینل اور ویب سائٹ پر معلومات فراہم کر دی جائے گی۔
یو جی سی نیٹ امتحان کے لیے اہلیت کا معیار:
یو جی سی نیٹ امتحان میں شرکت کرنے کے لیے اہلیت کے معیار یہ ہیں:
اُمیدوار کا ہندوستانی ہونا۔
اُمیدوار کا منتخبہ مضمون میں پوسٹ گریجویٹ ہونا ۔
جنرل طبقے کے لیے پوسٹ گریجویشن یا ماسٹر ڈگری یا اس کے مساوی ڈگری میں کم از کم پچپن فیصد نمبرات کا ہونا۔
ریزرو طبقے کےلیے پوسٹ گریجویشن یا ماسٹر ڈگری یا اس کے مساوی ڈگری میں کم از کم پچاس فیصد نمبرات کا ہونا۔
نیٹ جے آر ایف کے لیے عمر:
یو جی سی نیٹ امتحان کے لیےعمر اور اٹیمپ کی کوئی قید نہیں ہے مگر جونیئر ریسرچ فیلو شپ کے لیے عمر کی قید موجود ہے۔ اوپن کیٹیگری کے لیے عمر کی قید اکتیس سال ہے جب کہ ریزرو کیٹیگری کے اُمیدواروں کے لیے پانچ سالوں کی سہولت ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر کیا ہے؟
ایک بار جب کوئی اُمیدوار یو جی سی نیٹ امتحان میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو وہ مختلف ہندوستانی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں کے لیے درخواست دینے کا اہل ہو جاتا ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ اور/ پوسٹ گریجویٹ اسٹوڈنٹس کو پڑھا سکتا ہے۔ اُمیدوار بیک وقت اپنے پی ایچ ڈی یا تحقیقی کام کو بھی آگے بڑھا سکتا ہے۔ اپنی پی ایچ ڈی کو مکمل کر کے اُمیدوار مستقبل میں خود کی ترقی کو یقینی بناتا ہے۔ لیکچرر شپ اُن اُمیدواروں کے لیے کیریئر کا ایک بہترین آپشن ہے جو کسی خاص مضمون میں ذوق و شوق رکھتے ہیں اور بطور اسسٹنٹ پروفیسر اپنا کریئر بنانا چاہتے ہیں۔ اسسٹنٹ پروفیسر کو ان کی قابلیتوں اور اہلیتوں کی بنیاد پر ایسوسی ایٹ پروفیسر، پروفیسر، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ وغیرہ کے عہدے پر ترقی دی جاتی ہے۔
جونیئر ریسرچ فیلوشپ (JRF) کیا ہے؟
نیٹ امتحان میں ہر سال 6 فیصد اسٹوڈنٹس کو کامیاب کیا جاتا ہے۔ کامیابی کا معیار کٹ آف لسٹ ہوتی ہے جو ہر بار تبدیل ہوتی ہے۔ امتحان کا مشکل یا آسان ہونا، اُمیدواروں کی تعداد اور دستیاب نشستیں وہ عوامل ہیں جو کٹ آف لسٹ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
جونیئر ریسرچ فیلوشپ ایک سرٹیفکیٹ ہے جو یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کی طرف سے چھ فیصد کامیاب اسٹوڈنٹس میں سے سب سے اوپر کے ٹاپ موسٹ ایک فیصد اسٹوڈنٹس کو دیا جاتا ہے جو یو جی سی نیٹ امتحان پاس کرتے ہیں۔ یہ پی ایچ ڈی کرنے والے اُمیدواروں کے لیے اسکالرشپ کا پروگرام ہے۔ جس میں تحقیق کے دوران اُمیدوار کو ہر مہینے تیس ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ اسی کے ساتھ رہائش کے لیے ایچ آر اے بھی دیا جاتا ہے اور اسٹیشنری کے لوازمات کے لیے بھی تخمینہ ادا کیا جاتا ہے۔
جونیئر ریسرچ فیلوشپ کے بعد کیا ؟
یو جی سی نیٹ میں کامیاب ہوجانا اور جے آر ایف حاصل کرنا دونوں علاحدہ چیزیں ہیں۔ ایک امتحان میں چھ فیصد اسٹوڈنٹس نیٹ امتحان پاس کر سکتے ہیں مگر جے آر ایف صرف محدود اسٹوڈنٹس ہی کو ملتا ہے۔ نیٹ کامیاب کرنے والے اُمیدوار بھی پی ایچ ڈی کے لیے داخلہ لے سکتے ہیں مگر انھیں حکومت کی جانب سے اسکالر شپ نہیں ملتی ہے جب کہ جے آر ایف کوالیفائی کرنے والے اسٹوڈنٹس کو ماہانہ اسکالر شپ فراہم کی جاتی ہے۔
یو جی سی کے علاوہ بھی بہت سی ایجنسیاں تحقیق کے لیے فیلو شپ ایوارڈ کرتی ہیں، ان کی فیلو شپ لینے کے لیے بنیادی اہلیت نیٹ امتحان کا پاس ہونا ہے۔
جے آر ایف کوالیفائی کرنے کے بعد تین سالوں کے اندر پی ایچ ڈی میں رجسٹریشن کروانا ضروری ہے، بصورت دیگر جے آر ایف سرٹیفکیٹ کی معیاد ختم ہوجاتی ہے۔
نوٹ: حال ہی میں مرکزی حکومت کی جانب سے مولانا آزاد نیشل فیلوشپ کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیل کے لیے درج ذیل مضمون کا مطالعہ کریں
پی ایچ ڈی میں ایڈمیشن کے بعد دو سالوں تک جے ایف آر ملتا ہے اور بعد میں تین سالوں تک ایس آر ایف (سینئر ریسرچ فیلو شپ) ملتی ہے۔ ایس آر ایف میں فیلوشپ کی رقم بڑھا دی جاتی ہے۔ اس کی مکمل تفصیل جاننے کے لیے آفیشیل ویب سائٹ پر وزٹ کریں یا نوری اکیڈمی یوٹیوب چینل کی ویڈیو سے استفادہ کریں۔
https://www.youtube.com/nooriacademy
اکثر پوچھے جانے والے سوالات (FAQs)
سوال : یو جی سی نیٹ امتحان کے لیے عمر کی حد کیا ہے؟
جواب : یو جی سی نیٹ امتحان میں اسسٹنٹ پروفیسر کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہے۔ تاہم جے آر ایف کے اُمیدواروں کی عمر 31 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
سوال : کیا یو جی سی نیٹ امتحان میں کوئی منفی نشانات (نیگیٹیو مارکس) ہیں؟
جواب : نہیں! یو جی سی نیٹ امتحان میں کوئی منفی مارکنگ نہیں ہے۔
سوال : یو جی سی نیٹ جے آر ایف سرٹیفکیٹ/ ایوارڈ لیٹر کی میعاد کتنی ہوتی ہے؟
جواب : یو جی سی نیٹ جے آر ایف سرٹیفکیٹ کی میعاد اس کے جاری ہونے کی تاریخ سے تین سال تک ہوتی ہے۔
سوال : یو جی سی نیٹ امتحان کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : یو جی سی نیٹ امتحان صرف کمپیوٹر بیسڈ موڈ (آن لائن) میں لیا جاتا ہے۔
سوال: کیا یو جی سی نیٹ کٹ آف ہر سال ایک جیسا ہوتا ہے؟
جواب: نہیں! یہ مختلف عوامل کے مطابق مختلف ہوتا ہے جیسے اُمیدواروں کی تعداد، پوسٹ کی تعداد، پیپر کا آسان یا مشکل ہونا وغیرہ۔
سوال: یو جی سی نیٹ کا کٹ آف کون جاری کرتا ہے؟
جواب: نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کٹ آف جاری کرتی ہے۔
سوال: کیا تمام زمروں / کیٹیگری کے لیے کٹ آف ایک جیسا ہوتا ہے؟
جواب: نہیں !اوپن ، او بی سی ، ایس سی ، ایس ٹی، پی ڈبلیو ڈی وغیرہ زمرہ جات کے لیے الگ الگ کٹ آف ہوتا ہے۔
سوال:یو جی سی نیٹ کے لیے کم از کم کوالیفائنگ مارکس اور کٹ آف مارکس میں کیا فرق ہے؟
جواب: کم از کم کوالیفائنگ نمبرات پہلے سے طے شدہ ہیں اور نوٹیفکیشن میں پہلے ہی سے درج ہیںیعنی جنرل زمرے کے لیے چالیس فیصد نمبرات اور ریزرو زمرے کے لیے پینتیس فیصد نمبرات ہونے لازمی ہے۔ ان نمبرات کو حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس ہی کا شمار چھ فیصد کامیاب ہونے والے اسٹوڈنٹس کی فہرست میں ہوگا مگر اس کا معنی یہ نہیں کہ ان لوگوں نے نیٹ امتحان کو کامیاب کر لیا ہے بلکہ اس فہرست کے ٹاپ موسٹ چھ فیصد اسٹوڈنٹس ہی نیٹ امتحان میں کامیاب قرار دیے جاتے ہیں۔ یعنی کہ صرف پینتیس یا چالیس نمبرات کا حصول ناکافی ہوگا اگر امتحان کو کامیاب کرنا ہے تو کٹ آف لسٹ میں شمولیت ضروری ہے۔
نوٹ:
بروقت رہنمائی کے لیے نوری اکیڈمی ویب سائٹ پر وزٹ کریں اور نوری اکیڈمی یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کریں۔